جمعہ، 15 مئی، 2020

شیعہ نماز کا طریقہ Shia namaz ka tareeqa

نماز کا طریقہ

نماز شروع کرنے سے قبل کچھ احکام ہیں جن کی بجا آوری ضروری ہے:
باطہارت قبلہ کی طرف رخ کرکے سیدھے کھڑے ہوں،اگر مرد ہیں تو پورا لباس پہن کر کھڑے ہوں تو بہتر ہے۔ ورنہ کم از کم شرم گاہیں پوشیدہ رہنا ضروری ہے۔ اگر عورت ہیں تو آپ پر واجب ہے کہ ماتھے اور منہ ، گٹے تک ہاتھ اور ٹخنے تک پاؤں کے علاوہ سارا جسم چھپا ہو۔ پہلے اذان کہئے، اس کے بعد اقامت ۔ اقامت ختم کرکے نماز شروع کیجئے۔ 
جو نماز پڑھنی ہے خلوص اور توجہ سے اس کی نیت کیجئے (مثلاً نمازصبح پڑھتا یا پڑھتی ہوں قربۃً الی اللہ ) نیت کے ساتھ ہی دونوں ہاتھ اٹھاکر تکبیرۃ الاحرام یعنی ’’اَللہ ُ اَکبرْ‘‘ کہئے۔ خیال رکھئے کہ پورا جسم قبلہ رخ ہو۔ تکبیر کہتے وقت اور اس کے بعد جسم کو حرکت نہ دیں۔(پوری نماز میں کچھ بھی پڑھتے وقت بدن سکون کی حالت میں ہو ، ہل نہ رہا ہو) تکبیر کہہ کر دونوں ہاتھ رانوں پر رکھئے۔ نگاہ سجدہ گاہ پر ہو۔اس حالت میں قرائت یعنی سورہ حمد پڑھئے، پھر دوسرا شروع کیجئے ۔ اللہ اکبر کہئے اس کے بعد قیام متصل بہ رکوع یعنی اسی قیام کی حالت سے رکوع میں جائیے۔ 
رکوع یہ ہے کہ اس طرح جھکا جائے کہ ہتھیلیاں گھٹنوں تک پہنچ جائیں، دونوں ہتھیلیاں گھٹنوں پر رکھی جائیں، گردن اور پشت ہموار ہو۔ اسی حالت میں اطمینان کے ساتھ ذکر یعنی تین مرتبہ ’’سُبْحَانَ اللہ‘‘ کہیں یا ایک بار کہیں : ’’سُبْحَانَ رَبِّیَ الْعَظِیْمِ وَ بِحَمْدِ ہ ‘‘۔ اس کے بعد درود پڑھنے کا ثواب ہے۔ 
پھر سیدھے کھڑے ہوکر کہیں : ’’سَمِعَ اللہُ لِمَنْ حَمِدَہ‘‘۔ اس کے بعد فوراً ہاتھ کانوں تک لے جاکر کہیں ’’اَللہُ اَکبر‘‘  پھر سجدے میں جائیں۔ 
 سجدہ یہ ہے کہ پیشانی ، دونوں ہتھیلیاں، دونوں گھٹنے اور دونوں پیروں کے انگوٹھوں کے سرے زمین پر ٹھہرے ہوں۔ اسی حالت میں اطمینان ہی کی حالت میں پڑھئے: ’’سُبْحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلیٰ وَ بِحَمْدِہ‘‘یا تین بار ’’سُبْحَانَ اللہ‘‘ کہیے اور ہوسکے تو ایک بار درود بھی پڑھئے۔ 
 سجدے سے سراٹھا کر اس طرح بیٹھئے کہ دائیں پیر کی پشت بائیں پیر کے تلوے پر ہو۔ دونوں ہاتھ رانوں پر ہوں اس کے بعدکہئے: ’’اَسْتَغْفِرُ اللہَ رَبِّیْ وَ اَتُوْبُ اِلَیْہ‘‘۔ 
پھر اللہ اکبر کہہ کر سجدہ میں جائیے اور پہلے سجدے کی طرح ذکر کیجئے۔ذکر ختم کرکے پہلے کی طرح بیٹھئے پھر بِحَوْلِ اللہِ وَ قُوَّتِہ اَقُوْمُ وَ اَقْعُدْ،کہتے ہوئے کھڑے ہوجائیے۔ 
اب دوسری رکعت شروع ہوگئی ۔اس میں بھی پہلے سورہ حمد پڑھئے۔ اس کے بعد کوئی دوسرا سورہ پڑھئیے۔سورہ ختم کرنے کے بعد ہاتھوں کو چہرے کے سامنے کرکے قنوت پڑھئے۔ قنوت میں صرف ذکر خدا کرنا یا کوئی مختصر دعا پڑھنا بھی کافی ہے۔ 
پھر اللہ اکبر کہہ کر رکوع میں جائیے اور پہلی رکعت کی طرح رکوع کے بعد دو سجدے بجالائیے۔
دونوں سجدوں کے بعد بیٹھئے اوراللہ اکبر کہہ کر کہئے : اَلْحَمْدُ لِلہ ۔اس کے بعد اس طرح تشہد پڑھئیے:
’’اَشْهَدُ اَنْ لااِلهَ اِلاَّ اللّهُ وَحْدَهُ لاشَرِیكَ لَهُ، وَاَشْهَدُ اَنَّ مُحَمَداً عَبْدُهُ وَ رَسُولُه، اَلّلهُمَّ صَلِّ عَلی مُحَمَّد وَ آلِ مُحَمَّد "
اگر نماز دو رکعتی یعنی صبح یا ظہر، عصر، عشاء کی قصر ہو تو تشہد کے بعد اس طرح سلام پڑھئے : ’’اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ اَیُّھَا النَّبِیُّ وَ رَحْمَۃُ اللہِ وَ بَرَکَاتُہ، اَلسَّلَامُ عَلَیْنَا وَ عَلیٰ عِبَادِ اللہِ الصّٰلِحِیْن۔ اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَ رَحْمَۃُ اللہِ وَ بَرَکَاتُہ ۔ 
اب تین مرتبہ ہاتھ کانوں تک اٹھا کر ’اللہ اکبر‘ کہئے۔ اس عمل پر دو رکعتی نماز ختم ہوجاتی ہے۔
اگر مغرب کی تین رکعتی نماز ہو تو تشہد کے بعد سلام پڑھنے کے بجائے بِحَوْلِ اللہِ وَ قُوَّتِہٖ اَقُوْمُ وَ اَقْعُدْ کہتے ہوئے سیدھے کھڑے ہو جائیں اورتیسری رکعت میں پڑھئیے یعنی تین مرتبہ کہئے:
سُبْحَانَ اللہِ وَ الْحَمْدُ لِلّٰہِ وَ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَ اللہُ اَکْبَرْ ۔(انھیں تسبیحات اربعہ کہتے ہیں )، نماز پڑھنے والے کو اختیار ہے کہ تیسری اور چوتھی رکعت میں یہ تسبیحات پڑھے یا سورۂ حمد پڑھے۔ تسبیحات اربعہ کا پڑھنا بہتر ہے۔ 
پھر اَسْتَغْفِرُ اللہَ رَبِّیْ وَ اَتُوْبُ اِلَیْہ،  اَللہُ اَکْبَرْکہہ کر رکوع میں جائیے۔ رکوع کے بعد پھر سجدہ میں جائیے دونوں سجدوں کے بعد تشہد پڑھ کر سلام پڑھئیے۔
اگر نماز چار رکعتی یعنی ظہر یا عصر یا عشاء کی ہو تو تیسری رکعت کے دونوں سجدوں کے بعد ’’بحول اللہ۔۔‘‘ کہہ کر کھڑے ہوجائیں اور تیسری رکعت کی طرح تسبیحات اربعہ یا سورۂ حمد پڑھ کر گذشتہ رکعات کی طرح رکوع اور دونوں سجدوں سے فراغت کے بعد تشہد و سلام کے بعد نماز ختم کیجئے۔ضروری ہے جو ترتیب بیان ہوئی اسی طرح نماز پڑھی جائے اور موالات یعنی پے در پے انجام دی جائے۔
٭…٭…٭

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں