جمعرات، 1 ستمبر، 2011

غصّہ


ارشادات پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم:
غصہ پر قابو رکھنے والا سب سے بڑا طاقتور:کیا میں تم میں سب سے طاقتور انسان کی نشاندہی نہ کروں؟سب سے طاقتور شخص وہ ہے جو غصہ کے وقت اپنے اوپرقابو رکھے۔(نثر الدرر،ج١،ص١٨٣ بنقل از منتخب میزان الحکمة،ص٤٢٦،ح٤٨٠١)
غصہ میں خدا کی نافرمانی کا گناہ:دوزخ کا ایک ایسا دروازہ ہے جس سے صرف وہی لوگ داخل ہونگے جو اپنا غصہ معصیت الہٰی کے ذریعہ دور کرتے ہونگے(غصہ کی وجہ سے خدا کی نافرمانی اور معصیت کرتے ہونگے)۔(تنبیہ الخواطر،ج١،ص١٢١)
غصہ پر قابو کا فائدہ:جو اپنے غصہ کو روک لے تو خدا وند عالم اس سے اپنے عذاب کو روکے گا۔(بحار الانوار،ج٧٣،ص٢٦٣،ح٧)
ارشادات امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السلام:
غصہ جنون ہے:غصّہ ایک قسم کا جنون ہے اس لیے کہ غصہ ور کو بعد میں پشیمان ہونا پڑتا ہے اور اگر پشیمان نہ ہو تو واقعا اس کا جنون مستحکم ہے۔(نہج البلاغہ،حکمت٢٥٥) 
غصہ کا علاج خاموشی:غصہ کا خاموشی کے ذریعہ اور خواہشات نفسانی کا عقل کے ذریعہ علاج کرو۔(غرر الحکمح٥١٥٥)
غصہ کی آگ میں انسان خود جلتا ہے:غصہ بھڑکتی ہوئی آگ ہے جو اپنے غصہ کو پی جائے تو گویا اس نے آگ خاموش کردی لیکن اگر غصہ کو اپنی حالت پر چھوڑ دیا تو خود پہلا شخص ہے جو اس آگ میں جلے گا۔(فرھنگ موضوعی مبلغان،علی شیرازی،ص١٥٩)
غصہ کے ذریعہ تربیت نہیں ہوسکتی:غصہ کے ذریعہ ادب نہیں سکھایا جاسکتا۔(غرر الحکم،ح١٠٥٢٩)
غصہ اگر خدا کے لیے ہو !:جو اللہ کے لیے غضب کے سنان کو تیز کرلیتا ہے وہ باطل کے سورماؤں کے قتل پر بھی قادر ہوجاتا ہے۔(نہج البلاغہ،حکمت ١٧٤)
غصہ شیطانی لشکر!:(حارث ہمدانی کے نام خط میں)...اور غصہ سے اجتناب کرو کہ یہ شیطان کے لشکروں میں سب سے عظیم تر لشکر ہے۔ (نہج البلاغہ،مکتوب ٦٩)
غصہ خواہشات کا نتیجہ:(شریح بن ہانی کو وصیت میں)...خواہشات تم کو بہت سے نقصان دہ امور تک پہنچادیں گی لہٰذا ہمیشہ اپنے نفس کو روکتے ٹوکتے رہو اور غصہ میں اپنے غیظ و غضب کو دباتے اور کچلتے رہو۔(نہج البلاغہ،مکتوب٥٦)
 ارشاد امام محمد باقر علیہ السلام:
غصہ پر قابو  سب سے بڑی طاقت:غصہ پر قابو رکھنا سب سے بڑی طاقت ہے۔(تحف العقول٢٨٦)
ارشاد امام جعفر صادق علیہ السلام:
غصہ پر قابو رکھنا عقل پر قابو رکھنا ہے:جو اپنے غصہ پر قابو نہ رکھ سکے وہ اپنی عقل پر بھی قابو نہیں رکھ سکتا۔(اصول کافی،ج٢،ص٣٠٥،ح١٣)
ارشاد امام موسی کاظم علیہ السلام:
غصہ روکنے والا عذاب سے محفوظ رہے گا:جو بھی لوگوں سے اپنے غصہ کو روک لے تو خدا وند عالم قیامت کے دن اپنے عذاب کو اس سے روکے گا۔(اصول کافی،ج٢،ص٣٠٥)٭٭٭

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں